صنعاء،7جون؍(آئی این ایس انڈیا)یمن میں فوجی آپریشن میں مصروف عرب اتحادی افواج نے اعلان کیا ہے کہ باغی ملیشیاؤں کی جانب سے بھرتی کیے گئے 52بچوں کو صلیب احمر تنظیم کی نگرانی میں یمنی حکومت کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ان بچوں کو یمن واپس لوٹا کر ان کے گھر والوں کے حوالے کیا جائے گا۔ اس سے قبل کویت میں جاری امن مشاورت میں اس بات پر اتفاق رائے ہوا تھا کہ بچوں کو پیشگی شرائط کے بغیر حوالے کر دیا جائے گا۔ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بچوں کی حوالگی سعودی عرب اور یمن کے درمیان ایک سرحدی علاقے میں عمل میں آئی۔یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسماعیل ولد الشیخ احمد نے اعلان کیا تھا کہ کویت میں یمن امن بات چیت میں مذاکراتی فریقین، تمام بچوں اور قیدیوں کو جلد از جلد ممکنہ وقت میں رہا کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔